اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی شہید، 19 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی / اورکزئی
خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ “فتنۃ الخوارج” کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 11 جوان شہید ہوگئے، جن میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ گروہ “فتنۃ الخوارج” سے تھا، جو سرحدی علاقوں میں بدامنی پھیلانے میں ملوث رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء کی تفصیلات درج ذیل ہیں
لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، ضلع راولپنڈی)
میجر طیب راحت (عمر 33 سال، ضلع راولپنڈی)
جبکہ شہید ہونے والے 9 دیگر جوانوں میں شامل ہیں:
نائیک صوبیدار اعظم گل (38 سال، ضلع خیبر)
نائیک عادل حسین (35 سال، ضلع کرم)
نائیک گل عامر (34 سال، ضلع ٹانک)
لانس نائیک شیر خان (31 سال، ضلع مردان)
لانس نائیک تالش فراز (32 سال، ضلع مانسہرہ)
لانس نائیک ارشد حسین (32 سال، ضلع کرم)
سپاہی طفیل خان (28 سال، ضلع مالاکنڈ)
سپاہی عاقب علی (23 سال، ضلع صوابی)
سپاہی محمد زاہد (24 سال، ضلع ٹانک)
آپریشن کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے تھا۔ دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے نیٹ ورک کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں سرچ اور کلین اپ آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے تحفظ اور امن کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، اور یہی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
قوم بھر میں شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شہداء کے لیے دعاؤں اور غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔
Comments are closed.