راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے مالی فراڈ میں 01 ارب 94 کروڑ کی بے ضابطگیاں، مرحوم ڈائریکٹر فنانس کے بھائیوں کے خلاف نیب ریفرنس
راولپنڈی
شمشاد مانگٹ
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے مالی معاملات میں 01 ارب 94 کروڑ کی بے ضابطگیوں کے معاملے میں مرحوم ڈائریکٹر فنانس جنید تاج بھٹی کے دو بھائیوں کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نمبر 01 میں جج اعجاز علی کی سربراہی میں اس کیس کی سماعت کی گئی، جس دوران دونوں بھائیوں کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ سنایا گیا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں پیش کی جانے والی تفصیلات میں کہا گیا کہ آر ڈی اے کے سرکاری اکاؤنٹس سے مالی فراڈ کیا گیا، جس میں بھاری رقم غیر قانونی کمپنیوں اور افراد کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔ محمد جمال تاج بھٹی کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی غیر قانونی ٹرانسفر کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے دوران انوسٹیگیشن میں اس فراڈ کی تفصیلات سامنے آئیں۔
احتساب عدالت نے محمد جمال تاج بھٹی کی عبوری ضمانت کو خارج کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا اور 07 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ان کی مزید تفتیش کرنے کی اجازت دی۔ دوسری جانب ان کے بھائی مبین تاج کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر عبوری ضمانت کنفرم کردی گئی۔
نیب کے مطابق، جنید تاج بھٹی، جو آر ڈی اے میں بطور ڈائریکٹر فنانس تعینات تھے، پر مالی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات ہیں۔ جنید تاج بھٹی کی پراسرار قتل کی خبر نے پورے کیس کو ایک نیا موڑ دیا تھا، کیونکہ وہ حال ہی میں سیالکوٹ میں محکمہ پی ایچ اے میں تعینات تھے اور وہاں انہیں قتل کر دیا گیا تھا، جس پر تحقیقات جاری ہیں۔
Comments are closed.