اسلام آباد پولیس اہلکاروں کا لاہور جانے سے انکار، محکمانہ دباؤ اور ڈسمس کی دھمکیوں سے فورس میں بے چینی
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد پولیس کے متعدد اہلکاروں نے لاہور روانگی سے مبینہ طور پر انکار کر دیا ہے۔ اہلکاروں کو شام 5 بجے پولیس لائن ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی بارہا ہدایت دی گئی، مگر کئی اہلکار مقررہ وقت پر نہ پہنچے
پولیس حکام نے فوری طور پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے دوبارہ احکامات جاری کیے ہیں کہ جو اہلکار رپورٹ نہیں کرے گا، اُسے “ڈسمس فرام سروس” کر دیا جائے گا۔ اس سخت مؤقف نے فورس کے اندر پہلے سے موجود بے چینی کو مزید بڑھا دیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماتحت اہلکار پہلے ہی مسلسل طویل ڈیوٹیوں، غیر متوقع تبادلوں اور دباؤ بھرے ماحول سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ انہیں انسانی حیثیت دینے کے بجائے صرف “ڈیوٹی مشین” سمجھا جا رہا ہے، جس پر عملہ شدید تحفظات رکھتا ہے
اعلیٰ افسران کی طرف سے ڈسمس کرنے کی دھمکیوں نے پولیس فورس کے مورال کو شدید متاثر کیا ہے۔ اہلکاروں میں یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ محکمہ پولیس اب نظم و ضبط کے بجائے خوف اور دھونس پر چلایا جا رہا ہے
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نااہل آئی جی اور اُن کی ناقص پالیسیوں کے باعث محکمہ پولیس میں بددلی، بے اعتمادی اور انتشار کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔ اعلیٰ افسران کی خاموشی اور عدم دلچسپی کے باعث فورس کا اعتماد تیزی سے مجروح ہو رہا ہے
موجودہ صورتحال کے پیش نظر ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کے مسائل کو سننے، سمجھنے اور فوری حل فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بصورت دیگر، نظم و ضبط کی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے، جو شہریوں کی سیکیورٹی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے
Comments are closed.