اورنگی ٹاؤن میں والد کو بچوں کے سامنے قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

اورنگی ٹاؤن میں والد کو بچوں کے سامنے قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

 کراچی

اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران والد کو اُس کے بچوں کے سامنے قتل کرنے والا مرکزی ملزم نور حسین عرف نونو مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ واقعے کی تصدیق ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے کی ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی اُس کے گرفتار ساتھی محمد بلال اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب اہلکاروں نے چھاپہ مارا تو ملزم نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔

ہلاک ہونے والا ملزم وہی شخص تھا جس نے 28 ستمبر کو اورنگی ٹاؤن کی مصطفیٰ کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ سجاد شوکت کو اُس کے دو کم سن بچوں کے سامنے گولی مار کر قتل کیا تھا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سجاد شوکت نے ایک شیرخوار بچے کو گود میں اٹھایا ہوا تھا جبکہ دوسرا بچہ اُن کے پاس کھڑا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نور حسین کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ اُس کے دوسرے ساتھی محمد بلال کو اقبال مارکیٹ پولیس نے تین روز قبل گرفتار کیا تھا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ زون اور ان کی ٹیم کو ڈاکوؤں کے خلاف موثر کارروائی پر سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مجرم معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنی چاہیے۔

Comments are closed.