پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا سے تعلقات چین-پاکستان تعاون کو نقصان نہیں پہنچائیں گے: بیجنگ

پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا سے تعلقات چین پاکستان تعاون کو نقصان نہیں پہنچائیں گے: بیجنگ

چین کا نایاب معدنیات کی برآمد پر کنٹرول پاکستان کے خلاف نہیں، افواہوں کی سختی سے تردید

بیجنگ

چین نے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے بیجنگ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات کسی صورت چین کے مفادات یا چین-پاکستان تعاون کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا اور میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان، چینی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے نایاب معدنیات امریکا کو برآمد کر رہا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے  کے مطابق ترجمان نے کہا کہ چین کی جانب سے حالیہ دنوں میں نایاب ارضیاتی معدنیات اور متعلقہ ٹیکنالوجیز پر عائد کی گئی برآمدی پابندیاں مکمل طور پر چین کے برآمدی کنٹرول نظام کی بہتری اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہیں، اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

لن جیان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، جن کے درمیان باہمی اعتماد، قریبی روابط اور اعلیٰ سطح کا تعاون وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس موضوع پر باقاعدہ بات چیت ہوئی ہے، جس میں اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات چین کے مفادات یا دو طرفہ شراکت داری کو ہرگز متاثر نہیں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے امریکی نمائندوں کو دکھائے گئے معدنیات کے نمونے درحقیقت خام قیمتی پتھروں کے نمونے تھے، جو ان کے عملے نے تجارتی سطح پر خریدے تھے، اور ان کا چینی ٹیکنالوجی یا نایاب معدنیات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ لن جیان نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ چین نے پاکستان کی سرگرمیوں کے ردعمل میں برآمدی کنٹرول سخت کیے ہیں، اور کہا کہ ایسی رپورٹس یا تو حقائق کی ناسمجھی پر مبنی ہیں، یا افواہیں ہیں، یا پھر چین اور پاکستان کے درمیان بدگمانیاں پیدا کرنے کی دانستہ کوششیں ہیں، جن کی کوئی بنیاد نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کا برآمدی کنٹرول کا نظام نہ صرف قومی سلامتی کے تقاضوں بلکہ عالمی عدم پھیلاؤ کے وعدوں، علاقائی استحکام اور امن کے فروغ کے لیے ہے، اور اس کا مقصد کسی خاص ملک کو نشانہ بنانا نہیں۔

Comments are closed.