کُرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا مؤثر جواب، دشمن کو بھاری نقصان

کُرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا مؤثر جواب، دشمن کو بھاری نقصان

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان کی پوسٹیں تباہ، ٹینک ناکارہ، جنگجو فرار

پاراچنار

 ضلع کُرم میں افغان سرزمین سے افغان طالبان اور کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس پر پاک فوج نے بھرپور اور شدید جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور انہیں بھاری نقصان پہنچایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی حدود میں موجود چیک پوسٹوں پر اس بلاجواز فائرنگ کا مؤثر اور فوری جواب دیا گیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی چوکیاں تباہ ہو گئیں، جبکہ ان کی ایک پوسٹ پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران طالبان کا ایک ٹینک بھی تباہ ہوا، جس کے بعد متعدد جنگجو اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق دشمن عناصر کی اس اشتعال انگیزی کا مقصد سرحدی امن کو خراب کرنا اور ریاستِ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنا تھا، تاہم پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل تیاری کے ساتھ ان عناصر کو ناکام بنا دیا۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان کی جانب سے متعدد بار پاکستانی سرحدی علاقوں میں کشیدگی کی کوششیں کی گئی ہیں، جن کا پاکستان کی جانب سے ہرموقع پر سخت اور مؤثر دفاع کیا گیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ایسی کارروائیاں خطے میں امن کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے تدارک کے لیے افغان عبوری حکومت کو سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں صورت حال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی مزید جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.