پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی، بارش نے جیت کی راہ میں رکاوٹ ڈال دی ، میچ بے نتیجہ ختم

ویمنز ورلڈ کپ: بارش کی وجہ سے پاکستان اور انگلینڈ کا میچ بے نتیجہ ختم، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ

پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی، بارش نے جیت کی راہ میں رکاوٹ ڈال دی

کولمبو

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے 16ویں میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بارش کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔ مسلسل بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا، اور بالآخر میچ کی تکمیل ممکن نہ ہو سکی۔

کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی باؤلرز نے انگلینڈ کو ابتدا سے ہی مشکلات میں ڈالا۔ پاکستانی ٹیم کی شاندار باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی، اور صرف 13 رنز پر انگلینڈ کی پہلی وکٹ گرنے کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی۔ 25 اوورز میں انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 79 رنز بنائے تھے کہ بارش نے کھیل کو روک دیا، جس کے بعد میچ کو 31 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

بارش رکنے کے بعد انگلینڈ نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور 31 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 31 اوورز میں 113 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا اور 6.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنائے تھے کہ دوبارہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ اس دوران منیبہ علی نے 9 رنز بنائے، جن میں ایک چوکا شامل تھا، جبکہ عمیمہ سہیل نے 19 رنز بنائے، جن میں 4 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ساتھ ساتھ سعدیہ اقبال نے بھی عمدہ باؤلنگ کی اور 16 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کا اگلا میچ 18 اکتوبر 2025 کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ بارش کے اثرات سے بچ کر اپنی پوزیشن مضبوط کرے اور جیت کے امکانات بڑھائے۔

Comments are closed.