پاکستانی سفارتخانہ ہنگری کا بوڈاپیسٹ میں آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد

پاکستانی سفارتخانہ ہنگری کا بوڈاپیسٹ میں آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد

پاکستان اور ہنگری سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں ، پاکستانی سفیر آصف حسین میمن

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ہنگری میں پاکستانی سفیر آصف حسین میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہنگری سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط 60 سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانہ ہنگری نے بوڈاپیسٹ میں آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ، ہنگری نے نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کے تعاون سے “ایسٹ کی دلکشی، روایت کی تشریح” کے عنوان سے ایک آرٹ ایگزیبیشن کا اہتمام کیا۔

افتتاحی تقریب 13 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوئی ۔ اس نمائش میں 20 پاکستانی بصری فنکاروں کے کام کی نمائش کی گئی، جو پاکستانی فن میں روایت اور جدیدیت کے مابین مکالمہ تھا۔افتتاحی تقریب میں متعدد سفارت کاروں، ہنگری کے حکام اور فنون لطیفہ کے شائقین نے شرکت کی۔

ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر سینڈور فازیکاس اس نمائش کے مہمان خصوصی تھے ۔ اپنے خیرمقدمی کلمات میں پاکستانی سفیر آصف حسین میمن نے نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کا اس تقریب کی میزبانی کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش اس لحاظ سے اہم ہے کہ پاکستان اور ہنگری سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط 60 سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں۔

انہوں نے علامہ اقبال کی ہنگری کے قومی شاعر پر نظم کا ثقافتی روابط کی مثال کے طور پر ذکر کیا۔نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کی ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی تفہم کے جذبے کی تسلسل ہے۔ انہوں نے فیض احمد فیض کے حوالے سے کہا کہ حسن کی زبان ہر دل سمجھتا ہے۔

آرٹ ایگزیبیشن کی کیوریٹر سندس اظفر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ 20 فنکاروں کے کاموں کی نمائش کرتی ہے جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ روایت قومی شناخت کو کس طرح تشکیل دیتی ہے۔ انہوں نے ہنگری کی طرف سے بوڈاپیسٹ میں پاکستانی فن پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے اپنی تقریر میں نمائش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات 1965 میں باضابطہ طور پر قائم ہوئے اور تب سے دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے میں کامیاب رہے ہیں، جن میں سیاسی، معاشی، تجارت، تعلیم اور ثقافت شامل ہیں۔

انہوں نے ہنگری کی تیل اور گیس کمپنی کے پاکستان کے ہائیڈرو کاربن سیکٹر میں کردار اور اسکالرشپ پروگرام کو تعاون کا اہم عنصر قرار دیا۔یہ دوسری نمائش ہے جو سفارتخانے نے بوڈاپیسٹ میں منعقد کی ہے۔پہلی نمائش ستمبر 2023 میں منعقد کی گئی تھی۔ یہ نمائش 22 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی۔

Comments are closed.