خاران میں فائرنگ سے ایس ایچ او قاسم بلوچ شہید، آل پارٹیز کا کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

خاران میں فائرنگ سے ایس ایچ او قاسم بلوچ شہید، آل پارٹیز کا کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

خاران

 بلوچستان کے ضلع خاران میں پولیس پر حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او قاسم بلوچ شہید ہو گئے۔ واقعے کے خلاف آل پارٹیز خاران نے شہر میں کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال کے قریب پیش آیا جہاں ایس ایچ او قاسم بلوچ دیگر اہلکاروں کے ہمراہ گاڑیوں کی تلاشی اور ناکہ بندی میں مصروف تھے۔ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں صرف ایس ایچ او نشانہ بنے جبکہ دیگر اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اچانک اور انتہائی قریب سے کیا گیا، جس کے باعث قاسم بلوچ کو موقع پر ہی شہادت نصیب ہوئی۔ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واقعے پر شہری و سیاسی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور آل پارٹیز خاران نے اسے علاقے کے امن کے خلاف بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کل (پیر) کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال میں مکمل تعاون کریں اور شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کریں۔ دوسری جانب، واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی۔

Comments are closed.