پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر

 ایبٹ آباد

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایک پُروقار تقریب میں منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، عسکری برتری اور قومی یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر یہ ثابت کر دیا کہ ہمارے جوان ہر طرح کے وارفیئر میں مہارت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ملک (اشارہ بھارت کی جانب) کی جانب سے الزامات اور پراپیگنڈا مہم کے باوجود پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ متحد اور پُرعزم نظر آئی، جو پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا: “اللہ تعالیٰ کی نصرت اور قوم کی حمایت سے ہم نے سرحدوں کا دفاع کیا، اور ان شاء اللہ، پاک سر زمین کا ایک انچ بھی کھونے نہیں دیں گے۔”

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نہ صرف پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس نے حصہ لیا بلکہ قطر، مالی، سری لنکا، نائجیریا، بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، یمن، فلسطین جیسے دوست ممالک کے 40 غیر ملکی کیڈٹس نے بھی شرکت کی، جو عسکری سفارت کاری کا اہم مظہر ہے۔

تقریب میں 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کور، اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس بھی شریک تھے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا، سلامی لی، اور بابر کمپنی کو قائداعظم ایوارڈ سے نوازا۔

پریڈ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے، جب کہ تمام پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے رسمی حلف برداری بھی کی گئی۔ اس موقع پر کیڈٹس کا ولولہ، عزم اور جوش قابل دید تھا۔

تقریب میں پاک فوج کے سینئر افسران، غیر ملکی سفارت کار، دفاعی تجزیہ کار، اور اعلیٰ حکومتی نمائندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے کیڈٹس کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خطاب نہ صرف ایک عسکری پیغام تھا بلکہ اس میں قومی وحدت، خود اعتمادی اور عزمِ نو کی جھلک بھی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، کیونکہ پاکستان کی فوج اور قوم ایک جسم اور روح کی مانند ہیں۔

Comments are closed.