دوحہ ، پاکستان اور طالبان وفود کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل

دوحہ ، پاکستان اور طالبان وفود کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل

دوحہ

پاکستان اور طالبان وفود کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا، فریقین نے 5 گھنٹے سے زائد وقت تک مذاکرات کیے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی وفد میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ افغان وفد کی سربراہی عبوری وزیر دفاع ملا یعقوب نے کی، افغان وفد میں طالبان کے انٹیلی جنس چیف مولوی عبدالحق بھی شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اپنے خدشات و شکایات سامنے رکھیں، پاکستان نے مؤقف اپنایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، گل بہادر گروپ افغانستان سے کارروائیاں کرتے ہیں، جنگجوؤں کے افغانستان سے آنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

مزید مؤقف اپنایا گیا کہ پاکستانی شہریوں کو افغانستان سے بھتے کی کالز آتی ہیں، جس پر افغانستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شکایت پر ان عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور افغان طالبان کے مذاکرات کا دوسرا دور کل پھر قطر میں ہوگا

ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات قطر کے انٹیلی جنس چیف کی میزبانی میں کیے جارہے ہیں، جس میں پاکستان، دراندازی کے یک نکاتی ایجنڈے پر بات کررہا ہے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد آج دوحہ میں افغان طالبان کے نمائندوں سے مذاکرات کرے گا جس کا مقصد سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات پر بات چیت کرنا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم وہ افغان طالبان حکام پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

دوسری جانب افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وزیرِ دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کی قیادت میں افغان حکومت کا ایک وفد پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے قطر روانہ ہو گیا ہے۔

Comments are closed.