اسلام آباد بلو ایریا ریس ٹریک بن گیا ، بگڑے امیر زادوں کی خطرناک ریسنگ، قانون بے بس
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دل میں واقع مصروف ترین علاقے بلو ایریا میں نوجوانوں کے ایک گروہ نے سڑک کو ریسنگ ٹریک میں تبدیل کر دیا۔ معروف سنٹورس مال کے عین سامنے پیش آنے والے اس واقعے نے نہ صرف شہریوں کو خوف زدہ کر دیا بلکہ انتظامیہ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق رات گئے چند لگژری گاڑیوں میں سوار نوجوانوں نے سڑک کے دونوں اطراف سے ٹریفک روک کر ریسنگ شروع کی۔ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کے وسط میں موجود ٹریفک سگنلز اور پولیس ناکے اس دوران کہیں نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معمول کے دنوں میں اسی مقام پر ٹریفک وارڈنز تعینات ہوتے ہیں، لیکن اس رات کسی اہلکار کی موجودگی نہ ہونا حیران کن ہے۔
شہریوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک شہری نے لکھا “اگر اسلام آباد جیسے محفوظ اور منظم شہر میں قانون کی یہ حالت ہے تو باقی شہروں کا کیا حال ہوگا؟ یہاں قانون صرف کمزور کے لیے ہے، طاقتور کے لیے نہیں۔”
ماہرین کے مطابق دارالحکومت میں اس طرح کی غیر قانونی اسٹریٹ ریسنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بھی ہے۔ ماضی میں ایسے مناظر کراچی، لاہور اور فیصل آباد جیسے شہروں میں دیکھے جاتے رہے ہیں، لیکن اب اسلام آباد جیسے حساس شہر میں ان کا سامنے آنا انتظامی غفلت کی انتہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر اس واقعے میں ملوث افراد کو پہچان کر گرفتار کرے، گاڑیاں ضبط کرے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے کڑی نگرانی کا نظام وضع کرے۔
واضح رہے اسلام آباد جیسے منظم شہر میں اگر نوجوان کھلے عام سڑکوں کو ریس ٹریک بنا لیں اور قانون حرکت میں نہ آئے تو یہ صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ قانون کی کمزوری اور سماجی زوال کی علامت ہے۔
Comments are closed.