موجودہ حالات میں ملک کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا،اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے ، محسن نقوی

موجودہ حالات میں ملک کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا،اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے ، محسن نقوی

کراچی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک جس موڑ پر ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اس بھنور سے نکلیں، اکٹھے رہنے ہی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔

کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ فتنۃ الخوارج کے خلاف ملک بھر میں آپریشن کی سربراہی کررہے ہیں، دہشت گردوں سے مقابلہ بھی کررہے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مطمئن بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ملک میں امن و امان کیلئے دن رات کوشاں ہیں،اور بہترین کام کررہے ہیں، ہم نے بھی کراچی میں امن و امان کے حوالے سے وزیر داخلہ سے کچھ گزارشات کی ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ملکی بہتری میں ایم کیوایم پاکستان کا کردار اہم ہے، اس وقت ملک جس موڑ پر ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اس بھنور سے نکلیں، اکٹھے رہنے ہی میں ہم سب کی کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر ہے، محسن نقوی کا کراچی آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب افواج پاکستان نے ملک کی عزت و احترام اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جو کردار ادا کیا ہے، اس میں ہم وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ اس شہر میں وفاق کے نمائندے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ وہ جس طرح رول ادا کررہے ہیں، وہ بھی دیگر صوبوں کے لیے گورنرز کے لیے مثالی ہے۔

Comments are closed.