بلوچستان ، دالبندین میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی ، فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل
کوئٹہ
بلوچستان کے علاقے دالبندین میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق دالبندین میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے، جن پر فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی جارہی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موزوں وقت پر دہشت گردوں کے ٹھکانےکو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ اہم کامیابی سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی بہترین ہم آہنگی اور مؤثر رابطے کا نتیجہ ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے تک فورسز کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات جاری رہیں گے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں، درندہ صفت عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان کی سرزمین سے فتنۃ الہندوستان کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ 23 مئی کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خضدار میں فتنۃ الہندوستان کی جانب سے بھارتی حکم پر بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فتنۃ الہندوستان جان بوجھ کر معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ خضدار میں بچوں کی شہادت میں فتنۃ الہندوستان ملوث ہے، بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے اور گزشتہ 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جنوری 2024 سے پاکستان میں دہشت گردی کے 4664 واقعات ہوئے، ان میں سے بلوچستان میں 1612 واقعات ہوئے، پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 93515 انسداد دہشت گردی آپریشنز کیے جن میں سے 52887 آپریشنز بلوچستان میں کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا تھا کہ 2024 میں مجموعی طور پر 1018 دہشت گردی مارے گئے جن میں سے 223 بلوچستان میں ہلاک کیے گئے، رواں سال اب تک 747 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جن میں سے 203 صرف بلوچستان میں ہلاک کیے گئے ہیں، جیسے جیسے ( بھارت ) ان دہشت گردوں کو کارروائیوں کے لیے آگے بڑھا رہا ہے ویسے ویسے ریاست ان کا قلع قمع کررہی ہے۔
Comments are closed.