پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں ،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سیکورٹی کلیئرنس تک بند رہے گی ، دفتر خارجہ

پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں ،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سیکورٹی کلیئرنس تک بند رہے گی ، دفتر خارجہ

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اس وقت بند ہے اور سیکیورٹی صورتحال کے جائزے تک بند ہی رہے گی، پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرانی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے تحت افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،دوحہ مذاکرات کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر کوئی حملہ نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ کل ہونے والے استنبول مذاکرات کے پاکستانی وفد کے بارے میں تفصیلات موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے حملے اور پاکستانیوں کے قتل عام کے بعد تبدیل ہوئی، یہ نہیں معلوم کہ نمائندہ خصوصی محمد صادق دوحہ مذاکرات میں کیوں شریک نہیں ہوئے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے یا اس کی سرپرستی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چند سال قبل جب طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالا تو اس وقت یقیناً ایک مثبت فضا تھی، مگر کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر مسلح گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کیے جانے سے صورتحال بدل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی غیر معمولی مطالبہ نہیں ہے، پاکستان کوئی غیر حقیقی چیز نہیں مانگ رہا بلکہ انہیں صرف ان کے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرنے کی تلقین کر رہا ہے، جو انہوں نے دوحہ معاہدے کے تحت کیے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پولینڈ کے نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان اور پولینڈ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، اور پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی متنازع قانون سازی عالمی قوانین اور اصولوں کے خلاف ہے،پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کےقیام کی حمایت جاری رکھےگا۔

Comments are closed.