بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کا شاندار آپریشن : 1 ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط ، امریکی سینٹ کام اور سعودی نیوی کا خراجِ تحسین

بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کا شاندار آپریشن : 1 ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط ، امریکی سینٹ کام اور سعودی نیوی کا خراجِ تحسین

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پاکستان نیوی نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا — بحیرہ عرب میں کی گئی بڑی کارروائی کے دوران تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی گئیں۔ اس کامیاب آپریشن پر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور سعودی رائل نیوی نے پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

امریکی سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ کارروائی سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تعاون سے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے انجام دی۔ آپریشن کے دوران صرف 48 گھنٹوں میں دو مشتبہ کشتیوں سے دو ٹن کرسٹل میتھ، 350 کلوگرام آئس اور 50 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والی منشیات کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 97 کروڑ 24 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے کارروائی انتہائی مہارت، تیزی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کی، جس سے نہ صرف خطے میں منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بھی مزید بہتر ہوا۔

سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے اس کامیابی کو عالمی سطح پر مشترکہ میری ٹائم تعاون کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ عالمی امن کے قیام میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ضبط شدہ منشیات کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تلف کر دیا جائے گا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Comments are closed.