پاکستان اور بھارت کی کشیدگی میں 7 نئے طیارے مار گرائے گئے ، ٹرمپ

پاکستان اور بھارت کی کشیدگی میں 7 نئے طیارے مار گرائے گئے ، ٹرمپ

واشنگٹن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی کشیدگی پر اپنا دعویٰ دہرایا ہے۔ جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں کے ساتھ عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مئی میں دونوں ممالک کے درمیان جھڑپ کے دوران سات “بالکل نئے اور خوبصورت” طیارے مار گرائے گئے تھے۔

ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ان کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرِف (ٹیکس) کی پالیسیوں نے دنیا میں جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک اور بڑی جنگ کے خطرے کو ٹالا گیا تھا۔

“اگرآپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے، اور ان کی مختصر جھڑپ میں 7 بالکل نئے اور خوبصورت جہاز مار گرائے گئے،” ٹرمپ نے کہا۔ اس کے بعد انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ اپنی بات چیت کا ذکر کیا۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے مودی اور شہباز شریف سے کہا تھا کہ اگر دونوں ممالک آپس میں لڑیں گے تو امریکہ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔ “میں نے انہیں واضح طور پر کہا تھا کہ اگر تم لوگ لڑو گے تو ہم کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔” ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ان کی دھمکی کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اندر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہو گئی، جو ان کے نزدیک ایک “حیران کن” نتیجہ تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی یہ جھڑپ ایک فالس فلیگ آپریشن کے بعد شروع ہوئی تھی، جس میں بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے۔ اسلام آباد نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے یہ الزام ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے۔

پاکستان کا کہنا تھا کہ اس مختصر جنگ کے دوران اس نے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ پاکستان نے اس دعوے کے ثبوت بھی فراہم کیے، جس کے بعد بھارت نے اس کے کچھ حصوں کو تسلیم کیا، مگر بھارت نے طیاروں کی تعداد اور نوعیت کے حوالے سے پاکستان کے دعووں کو پوری طرح تسلیم نہیں کیا۔

ابتداءً بھارت نے پاکستان کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کیا تھا، مگر بعد ازاں نئی دہلی نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ان کے طیارے جنگ کے دوران تباہ ہوئے، لیکن انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ پاکستان نے چھ طیارے مار گرائے۔ بھارت اب تک اس تعداد کے بارے میں خاموش ہے اور اس دعوے کی مکمل تردید کرتا ہے۔

Comments are closed.