وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات،اقتصادی تعاون اور تجارت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ریاض
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کی تاریخ پر محیط شراکت داری اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے اقتصادی مفادات کا احترام کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ فریم ورک توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نجی شعبے کے کردار کو بڑھایا جائے گا اور تجارتی تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی اہم اقتصادی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن میں بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کا عزم ہے کہ وہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری قائم کریں گے، جو نہ صرف دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو گی بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھی دے گی۔
مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ممالک کے قیادت کے باہمی تعلقات اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہونے کی بات کی، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان مزید تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔
Comments are closed.