پی آئی اے کی لندن میں شاندار تقریب : برطانیہ کے لیے نئی پروازوں کا اعلان

پی آئی اے کی لندن میں شاندار تقریب: برطانیہ کے لیے نئی پروازوں کا اعلان، اپریل 2026 سے براہ راست پروازیں شروع ہوں گی

لندن

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں نئی پروازوں کا اعلان کیا گیا۔ یہ تقریب لندن کے معروف رائل نواب بینکویٹ ہال میں پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل، عبداللہ خان، اطہر اعوان، جنرل منیجر برطانیہ نادیہ گل اور ان کی ٹیم کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں برطانیہ بھر سے ممتاز کمیونٹی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور سفری شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پی آئی اے کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ لندن سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں اپریل 2026 میں شروع ہوں گی، جو کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے۔ پی آئی اے نے اپنی پروازوں میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کا عہد کیا ہے، جن میں میتوں کی پاکستان منتقلی کی مفت سہولت اور ہنگامی حالات میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی رعایتیں شامل ہیں۔

پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا، “پی آئی اے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کا فخر رہا ہے، لیکن اب ہمیں اپنی سماجی ذمہ داریوں کو مزید وسیع کرنا ہوگا۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے کو میتوں کی منتقلی کی مفت سہولت جاری رکھنی چاہیے، اور میت کے ساتھ جانے والے قریبی رشتہ داروں کو مفت ٹکٹ فراہم کیا جائے۔

عادل نے مزید مطالبہ کیا کہ ہنگامی یا سوگ کی صورت میں سفر کرنے والے مسافروں کو نادرا کارڈ کی مدت ختم ہونے کے باوجود بورڈنگ کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کشمیریوں کے لیے کنیکٹنگ پروازوں کا انتظام کیا جائے، تاکہ میرپور، کوٹلی، مظفرآباد اور دیگر علاقوں کے لوگ بھی آسانی سے سفر کر سکیں۔

تقریب میں پی آئی اے کی جانب سے پہلی مانچسٹر سے اسلام آباد جانے والی پرواز کی تفصیلات بھی شیئر کی گئیں، جس میں 280 مسافر سفر کر رہے تھے، جن میں سے 54 کو وہیل چیئر کی ضرورت پیش آئی۔ شرکاء نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ پی آئی اے کی نئی پروازیں برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی۔

Comments are closed.