چکوال : غیر قانونی بلیو ورلڈ سٹی کے اہم مہرے بابو لوہار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا

چکوال: غیر قانونی بلیو ورلڈ سٹی کے اہم مہرے بابو لوہار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا

چکوال

تھانہ سی سی ڈی چکوال پولیس نے غیر قانونی بلیو ورلڈ سٹی کے مالکان کے اہم مہرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد فیاض عرف بابو لوہار کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک خطرناک مجرم اور بلیو ورلڈ سٹی کے مالکان کا قریبی ساتھی تھا۔

بابو لوہار چکری چونترہ میں قائم غیر قانونی بلیو ورلڈ سٹی مالکان کو پنجاب بھر سے بے روزگار، مجبور اور غریب نوجوانوں کی کھیپ لاکر سکیورٹی گارڈ کے طور پر فراہم کرتا تھا۔ ان نوجوانوں کو بعد ازاں اسلحہ دے کر زمینوں پر ناجائز قبضے کرانے اور پولیس پر فائرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ان میں سے کئی نوجوانوں نے جب اس جرائم کی دنیا سے آزاد ہونے کی کوشش کی، تو بابو لوہار نے اپنے مالکان کے حکم پر انہیں قتل کر کے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا۔

بابو لوہار چکری چونترہ میں راولپنڈی پولیس کی وردی پہن کر نہ صرف مخالفین کے ڈیروں پر چھاپے مار رہا تھا، بلکہ انسانوں کو موت کے گھاٹ بھی اتارتا رہا۔ اس کے علاوہ، پولیس کی کارروائیوں میں وہ اہم شریک تھا اور مختلف جرائم میں ملوث رہا۔

چکوال سی سی ڈی پولیس کے مطابق، بابو لوہار اور اس کے ساتھی ارسلان عرف ڈھانچی کا پولیس سے آمنا سامنا ڈھوک محمد خان موڑ پر ہوا، جہاں یہ دونوں ملزمان ڈکیتی کی غرض سے بیٹھے تھے۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، تاہم جوابی فائرنگ میں وہ اندھیرے میں بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

بعد ازاں، پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بابو لوہار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بابو لوہار کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے، جو مختلف جرائم میں ملوث تھا اور اس کے نیٹ ورک کے مزید افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، بابو لوہار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مزید کارروائیاں جاری ہیں، اور ان کے دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ گرفتاری شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، اور اس سے علاقے میں جرائم کے خلاف مزید اقدامات اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔

Comments are closed.