وزیراعظم شہباز شریف کا چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد ، جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف کا چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد ، جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا عزم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد، ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون کی پیشکش

چترال

 وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام محدود تعلیمی سہولتوں کے باوجود نہ صرف تعلیم یافتہ ہیں بلکہ بہت مہذب بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چترال کے عوام کو ان کا حق دینے آئے ہیں، اور دانش اسکول چترال کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چترال میں دانش اسکول کا منصوبہ ان کا ذاتی تحفہ ہے اور انہیں کسی نے چترال میں اس اسکول کا نہیں کہا، بلکہ یہ ان کی اپنی خواہش تھی کہ یہاں کے بچوں کو جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش اسکول سے چترال کے ہونہار بچوں کو مفت تعلیمی مواقع میسر آئیں گے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ چترال میں جدید تعلیمی ادارے قائم کرنا ان کے لیے ایک خواب تھا جو آج حقیقت بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا وفاقی حکومت کی ترجیح ہے اور ریاست کا فرض بھی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ہر سطح پر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں اور چترال کے علاقے کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام نے ہمیشہ وطن کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان کا جذبہ حب الوطنی مثالی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چترال اور خیبرپختونخوا کےعوام کی ترقی اور یکجہتی کے لیے کی جانے والی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ ، سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی اور بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے سہیل آفریدی سے کہا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں اور دہشت گردی کو ختم کریں تاکہ چترال اور پورے خیبرپختونخوا میں امن و امان قائم ہو۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان، انجنیئر امیرمقام نے اپنے خطاب میں وزیراعظم کے چترال میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کے منصوبے کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ امیرمقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر اور ماہر معیشت ہیں، اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے والے رہنما ہیں۔

Comments are closed.