لدھیانہ ، پرانی رنجش کے باعث فائرنگ ، قومی سطح کے کبڈی کھلاڑی تیج پال سنگھ قتل
لدھیانہ
بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں قومی سطح کے کبڈی کھلاڑی 26 سالہ تیج پال سنگھ کو اپنے دوستوں کے ساتھ جھگڑے کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، تیج پال سنگھ اپنے دو دوستوں کے ساتھ جاگراؤں علاقے میں ایک فیکٹری کی طرف جا رہا تھا، کہ اچانک ان کے درمیان پرانی رنجش پر تکرار شروع ہو گئی۔
پولیس نے بتایا کہ تکرار کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران ایک نامعلوم شخص، جو تیج پال کے دوستوں میں سے کسی کے ساتھ موجود تھا، نے پستول نکال کر تیج پال کو سینے میں گولی مار دی۔ یہ فائرنگ کا واقعہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر کے قریب پیش آیا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
خون میں لت پت تیج پال کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، فائرنگ کرنے والے حملہ آور کا ابھی تک سراغ نہیں مل سکا ہے، اور اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس قتل کا سبب پرانی رنجش اور جھگڑے کی شدت تھی
Comments are closed.