ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ، بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ، بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت وزارتِ خارجہ میں ایک اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومتی کارکردگی اور بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ترجمانِ دفترِ خارجہ کے مطابق، اجلاس میں متعلقہ کمیٹی نے بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی، جس پر وزیرِ خارجہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایات دیں۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو عالمی سطح پر مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونِ ملک تمام مشنز کو اپنی کارکردگی کو قومی اسٹریٹجک اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جا سکے۔

ڈپٹی وزیراعظم نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل پر بھی زور دیا، تاکہ خارجہ پالیسی کے اہداف یکساں قومی پالیسی کے تحت حاصل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے ریلوے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سمیت مختلف وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق، اجلاس میں مستقبل کی سفارتی حکمتِ عملی اور بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کی کارکردگی میں بہتری کے لیے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔

Comments are closed.