اسلام آباد ہائیکورٹ ، آڈیو لیکس کیس جسٹس بابر ستار کی عدالت سے منتقل
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آبادہائی کورٹ میں زیرِسماعت آڈیو لیکس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، آڈیو لیکس کیس کو جسٹس بابرستارکی عدالت سے منتقل کرکے جسٹس اعظم خان کی عدالت میں مقررکردیا گیا، جسٹس اعظم خان کل آڈیو لیک کیس کی سماعت کریں گے۔
کیس کی منتقلی جسٹس بابر ستار کا سنگل بینچ ختم ہونے کے باعث عمل میں آئی، کیس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اوربشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہو گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اس آڈیو لیکس کیس کے خلاف حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کومزید کارروائی سے روک دیا تھا، درخواستیں بشریٰ بی بی اور نجم ثاقب کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ 29 اپریل 2023 کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 137 سے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے والے ابوذر سے گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی تھی جس میں انہیں پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔
مبینہ آڈیو میں حلقہ 137 سے امیدوار ابوذر چدھڑ سابق چیف جسٹس کے بیٹے سے کہتے ہیں کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، جس پر نجم ثاقب کہتے ہیں کہ مجھے انفارمیشن آگئی ہے۔
اس کے بعد نجم ثاقب پوچھتے ہیں کہ اب بتائیں اب کرنا کیا ہے؟ جس پر ابوذر بتاتے ہیں کہ ابھی ٹکٹ چھپوا رہے ہیں، یہ چھاپ دیں، اس میں دیر نہ کریں، ٹائم بہت تھوڑا ہے۔
			
				
Comments are closed.