کالعدم ٹی ایل پی کے سابق ٹکٹ ہولڈرز کا پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان ، پرتشدد روئیے کی مذمت
لاہور
کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سابق انتخابی امیدواروں نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں بیرسٹر سلمان نے کالعدم ٹی ایل پی کے سابق ٹکٹ ہولڈرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست پر حملہ کرکے کوئی بھی سیاسی جماعت یا جتھہ کوئی اثر نہیں ڈال سکتا، حکومت نے ان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی ہر ممکن کوشش کی،لیکن ہر بار ایسے مطالبات رکھے گئے جنہیں کسی صورت پورا نہیں کیا جاسکتا تھا۔
بیرسٹر سلمان نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ریلی نکالنا جبکہ سرحدوں پر حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور احتجاج کے لیے ایک ایسے ملک کے سفارتخانے کو منتخب کرنا جس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب ہوجائیں تو یہ ملک کے خلاف سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ راستوں سے بسیں، اینٹوں والے ٹرالے چھینے گئے، یہ لوگ اسلحے اور ڈنڈوں سے لیس تھے، گاڑیاں جلا دی گئیں، یہ کون سی سیاست ہے، دوسری سیاسی جماعتیں بھی اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کرتی ہیں، مگر احتجاج ریاست میں امن کی قیمت پر نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ ریاست سُپر ہوتی ہے، مگر انہوں نے خود کو آئین، قانون اور ریاست سے بالاتر سمجھا اور یہ رویہ کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

Comments are closed.