خیبرپختونخوا: مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 24 زخمی

خیبرپختونخوا: مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 24 زخمی

پشاور

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں تین مختلف ٹریفک حادثات اور چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 24 دیگر زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 رسول خان شریف نے بتایا کہ پہلا واقعہ پیر کی رات گئے تحصیل کانا کے علاقے نڑیڈلی میں پیش آیا، جہاں ایک منی جیپ کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر کروڑہ منتقل کیا، جہاں سے زخمیوں کو ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ واقعے میں شیر نواز اور ایک لڑکی جاں بحق ہوئے۔

آج صبح شیر نواز کے جنازے کے دوران ان کے گھر کی چھت گر گئی، جس سے ایک اور سانحہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے، کیونکہ جنازے میں شریک تمام افراد نیچے جا گرے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چھت گرنے سے گھر میں موجود خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق 11 میں سے 4 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں مزید علاج کے لیے سوات ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر، ایک اور واقعہ منگل کی صبح چکیسر کے علاقے سرکول میں پیش آیا، جہاں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈنڈائی پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ ایک جیپ دور دراز علاقے تالون سے سرکول جاتے ہوئے کھائی میں جاگری۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 2 خواتین سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکال کر فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر تھاکوٹ منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور تحصیل چکیسر کے علاقے تالون کے رہائشی ہیں۔

Comments are closed.