ہول سیلرز اور ریٹیلرز کیلئے نیا ضابطہ نافذ، کاروبار کی رجسٹریشن لازمی قرار
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ہول سیلرز اور ریٹیلیرز (تھوک اور پرچون فروشوں) کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا نیا ضابطہ نافذ کرتے ہوئے کاروبار رجسٹرڈ کروانا لازمی قرار دے دیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 50 کے تحت اور دفعات 22 اور 23 کو ساتھ ملا کر سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترامیم کی گئی ہیں۔
ان ترامیم کے تحت ایف بی آر نے لازم قرار دیا ہے کہ اگر ہول سیلرز اور ریٹیلرز پر منہا کیا گیا ایڈجسٹ ایبل ودہولڈنگ ٹیکس بالترتیب ایک لاکھ روپے یا 5 لاکھ روپے ماہانہ سے تجاوز کرتا ہے تو انہیں اپنے کاروبار کو پوائنٹ آف سیل سسٹم سے منسلک کرنا ہوگا۔
ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس مشینری کو یہ صلاحیت دے گا کہ وہ ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کی اصل فروخت کا اندازہ لگا سکے تاکہ جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی میں اضافہ کیا جاسکے۔

Comments are closed.