اسلام آباد: بلیو ایریا میں کسٹم اہلکاروں کی کارروائی پر تاجروں کا احتجاج، سامان فوری واپس کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد کے مرکزی کاروباری علاقے بلیو ایریا میں ٹائرز کی دکانوں پر مبینہ طور پر کسٹم اہلکاروں کی جانب سے چھاپوں اور سامان اٹھائے جانے کے خلاف تاجروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلیو ایریا سے اٹھائے گئے ٹائرز فوری طور پر واپس کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر سمگلنگ روکنے میں ناکام رہا ہے اور اپنی ناکامی کا بوجھ تاجروں پر ڈال کر انہیں تذلیل کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کے تمام ٹائرز کسٹم ادا شدہ اور قانونی امپورٹرز سے خریدے گئے ہیں، جبکہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ لوکل ٹائرز بھی اٹھا لیے گئے ہیں۔ اجمل بلوچ نے الزام لگایا کہ اہلکاروں نے کارروائی “ڈاکوؤں کے انداز” میں کی، جو کاروباری برادری کے اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
صدر انجمن تاجران نے یاد دہانی کرائی کہ وزیر خزانہ نے وعدہ کیا تھا کہ دوکانوں سے سامان نہیں اٹھایا جائے گا، مگر اس وعدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کو ملک سے بھگانے کی سازش کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعظم بیرونِ ملک سرمایہ کار ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کل سہ پہر 3 بجے چائنا چوک میں احتجاج کرے گی اور اس دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.