پاکستان ریلوے کا بڑا ایکشن : ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر فقیروں اور غیر مجاز وینڈرز کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع
لاہور
پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر فقیروں اور غیر مجاز وینڈرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ لاہور میں واقع پاکستان ریلوے کے ہیڈکوارٹر کی جانب سے ملک بھر کے تمام ڈویژنز کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ غیر مجاز افراد کو ٹرینوں اور اسٹیشنوں میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔
ریلوے پولیس کو اس سلسلے میں سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی موجودگی کی صورت میں فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کو اس پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں درخواست کی گئی ہے کہ اگر وہ کسی غیر متعلقہ شخص یا فقیر کو ٹرین یا اسٹیشن کے قریب دیکھیں تو فوراً ریلوے پولیس کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
پاکستان ریلوے نے اس اقدام کا مقصد مسافروں کے لیے محفوظ اور باوقار سفر کو یقینی بنانا بتایا ہے۔ یہ فیصلہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان ریلوے اپنے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں صفائی، نظم و ضبط، اور مسافروں کی حفاظت کو اہمیت دے رہا ہے۔
Comments are closed.