وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے فوج مخالف بیان سے نفرت کو ہوا ملے گی ، آفتاب احمد شیرپاؤ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے فوج مخالف بیان سے نفرت کو ہوا ملے گی ، آفتاب احمد شیرپاؤ

پشاور

چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے فوج مخالف بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور جذباتی و فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہے۔ ایسے میں کسی بھی سطح پر فوج کے خلاف بیانات غیر ذمہ دارانہ اور قومی مفاد کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پیدا کریں۔ آفتاب شیرپاؤ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ کے ترجمان کی وضاحت غیر تسلی بخش اور ناقابل قبول ہے۔

چیئرمین قومی وطن پارٹی نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اپنی توانائیاں صوبے کے عوامی مسائل کے حل پر مرکوز کرنی چاہییں، بجائے اس کے کہ وہ ایسے غیر ضروری بیانات سے سیاسی ماحول کو کشیدہ کریں۔

آفتاب احمد شیرپاؤ نے واضح کیا کہ مسلح افواج قوم کا فخر ہیں اور ان کے خلاف منفی رویہ یا بیان بازی کسی طور بھی برداشت نہیں کی جا سکتی۔

Comments are closed.