ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی ، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

 ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی ، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں کے خلاف بیانات اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن مواد پھیلانے کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں شہری کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر درج ہوا۔ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے درج کیا، جس میں وزیر اعلیٰ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز، جھوٹے اور بے بنیاد بیانات پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

تحقیقات کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان ویڈیوز میں ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، وزیرِاعلیٰ کے پی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایسے بیانات دیے جو ’’ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا‘‘ کے زمرے میں آتے ہیں۔

مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ویڈیوز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی شیئر کی گئیں، جس سے ان کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہوا۔

سائبر کرائم حکام کے مطابق، مقدمے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور ویڈیوز کے اصل ذرائع، مواد کی تیاری اور شیئرنگ میں ملوث افراد کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو پیکا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.