وزیراعظم شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل کو جرح کی مہلت

وزیراعظم شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل کو جرح کی مہلت

لاہور

لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر 10 ارب روپے ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل کو گواہ پر جرح کے لیے مہلت دے دی۔

سیشن عدالت کے جج یلماز غنی نے کیس سے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق سماعت کے دوران شہباز شریف کے گواہ عطا اللہ تارڑ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیانِ شہادت ریکارڈ کرایا۔

عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان کے وکیل کی استدعا پر جرح کے لیے مہلت منظور کر لی گئی ہے، جس کے بعد عطا اللہ تارڑ 15 نومبر کو دوبارہ عدالت میں جرح کے لیے پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ یہ کیس اس وقت زیرِ سماعت آیا تھا جب عمران خان نے ماضی میں ایک جلسے میں الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پانامہ کیس میں خاموشی اختیار کرنے کے بدلے 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی ، جسے شہباز شریف نے جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے والا بیان قرار دیا تھا۔

شہباز شریف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے الزام نے نہ صرف ان کی سیاسی ساکھ بلکہ ذاتی عزت و وقار کو بھی نقصان پہنچایا، اس لیے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں 10 ارب روپے بطور ہرجانہ دلایا جائے۔

دوسری جانب عمران خان کی قانونی ٹیم کا مؤقف ہے کہ مقدمہ سیاسی نوعیت کا ہے اور ہرجانے کا دعویٰ بلا جواز اور بے بنیاد ہے۔

کیس کی آئندہ سماعت 15 نومبر کو ہو گی، جس میں عطا اللہ تارڑ پر جرح کی جائے گی۔

Comments are closed.