پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی انتقال کر گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی انتقال کر گئے

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سینیٹر اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عرفان صدیقی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال کی خبر نے سیاسی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑا دی۔

عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں پارٹی کے قائد محمد نواز شریف کے نہایت قریبی اور بااعتماد ساتھیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔

انہوں نے صحافت اور تعلیم کے میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ بطور کالم نگار ان کے مضامین طویل عرصے تک قومی اخبارات میں شائع ہوتے رہے جن میں وہ ملکی سیاست، سماجی اقدار اور قومی معاملات پر گہری بصیرت کے ساتھ اظہارِ خیال کرتے تھے۔

عرفان صدیقی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورِ حکومت میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی امور بھی رہے، جبکہ وہ تعلیمی شعبے میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔

مرحوم کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، نائب صدر مریم نواز سمیت مختلف سیاسی و صحافتی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی ایک محبِ وطن، بااصول اور باوقار شخصیت تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Comments are closed.