اسلام آباد: خودکش حملہ آور کہاں سے آیا تھا ؟ ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات

اسلام آباد: خودکش حملہ آور کہاں سے آیا تھا ؟ ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ 

اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر کی کچہری کے نزدیک ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، خودکش حملہ آور باجوڑ کا رہائشی تھا، جو جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پیرودھائی سے موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے کچہری کا رخ کیا۔ حملہ آور نے چادر اوڑھ رکھی تھی تاکہ اس کی شناخت چھپ سکے۔

آئی جی اسلام آباد نے اس دھماکے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کیں اور بتایا کہ خودکش حملے میں 8 کلو گرام تک بارودی مواد اور بال بیرنگز استعمال کیے گئے تھے۔ اس دھماکے میں 12 افراد شہید ہوئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک ہی شخص تھا، اور ابتدائی شواہد کے مطابق ایک موٹر سائیکل اور ایک گاڑی مشکوک قرار دی گئی ہیں۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق کیمروں کی بیک ٹریکنگ کے ذریعے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ فارنزک، سی ٹی ڈی، انویسٹی گیشن، سیف سٹی اور حساس ادارے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

اس دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیر لیا، اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ خودکش حملہ آور کے اعضا کچہری کے اندر گرے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔

اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور مختلف زاویوں سے اس حملے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.