راولپنڈی میں غیر قانونی افغان باشندوں کی گرفتاری و ڈی پورٹیشن کے لیے 13 تھانوں میں ٹاسک فورسیں قائم

راولپنڈی میں غیر قانونی افغان باشندوں کی گرفتاری و ڈی پورٹیشن کے لیے 13 تھانوں میں ٹاسک فورسیں قائم

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی گرفتاری اور انہیں واپس بھیجنے کے لیے مؤثر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 13 تھانوں کی سطح پر خصوصی ٹاسک فورسیں قائم کر دی ہیں۔ یہ اقدام ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت پر وفاقی سطح کی پالیسی کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی، چھان بین اور کارروائی کو بہتر اور مربوط بنانا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم سفارت نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا ہے کہ نئی قائم کردہ ٹاسک فورسیں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کریں گی۔ اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ان فورسز میں موجود افسران و اہلکاروں کو اضافی ڈیوٹی پر نہ بھیجا جائے تاکہ ان کا تمام وقت اور توانائی اسی ٹارگٹڈ کارروائی پر مرکوز رہے۔

پولیس کے مطابق ہر ٹاسک فورس کی سربراہی متعلقہ تھانے کے سب انسپکٹر (SI) یا اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کے سپرد کی گئی ہے، جب کہ ہر ٹیم میں چار ممبران شامل ہوں گے۔ ان ٹیموں کو تھانوں کے ڈی ایف سی (ڈسٹرکٹ فیسیلیٹیشن سٹاف)، سیکیورٹی برانچ کے فیلڈ اسٹاف، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی معاونت بھی حاصل ہوگی، تاکہ معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کارروائی کا دائرہ مزید مؤثر ہو سکے۔

ٹاسک فورسیں جن تھانوں میں قائم کی گئی ہیں، ان میں شامل ہیں:
پیرودھائی، رتہ امرال، ٹیکسلا، واہ کینٹ، صدر واہ، مندرہ، جاتلی، روات، صدر بیرونی، دھمیال، چونترہ، چکری اور نصیرآباد۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم اپنی روزانہ کی رپورٹس اعلیٰ افسران کو ارسال کرے گی، تاکہ کارروائی کی رفتار، پیش رفت اور نتائج کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔

راولپنڈی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی اس منظم کارروائی کا مقصد امن و امان کی بہتری، غیر قانونی رہائش کے خاتمے اور شہر کی مجموعی سیکیورٹی کو مضبوط بنانا قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.