“ایف آئی اے پشاور زون کا کریک ڈاؤن؛ غیر قانونی شناختی دستاویزات کے حصول میں ملوث 5 افغان شہری گرفتار”

“ایف آئی اے پشاور زون کا کریک ڈاؤن؛ غیر قانونی شناختی دستاویزات کے حصول میں ملوث 5 افغان شہری گرفتار”

پشاور

ایف آئی اے پشاور زون نے غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کرنے کی کوشش میں ملوث افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پشاور سے مزید 5 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل پشاور نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر انجام دی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پشاور کے گنجان آباد علاقے دبگڑی میں واقع ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر 5 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزلہ شامل ہیں، جن کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ طویل عرصے سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے افغان شناختی دستاویزات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان غیر قانونی راستوں سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور مقامی سہولت کاروں کی مدد سے جعل سازی کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

تحقیقات کے دوران ملزمان نے بتایا کہ ان کا منصوبہ پاکستانی دستاویزات پر سعودی عرب کا ورک ویزا حاصل کرنا تھا، جس کے لیے وہ ارجاجی معلومات اور شناختی ڈیٹا بھی تیار کر چکے تھے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ملکی سلامتی بلکہ بین الاقوامی سفری نظام کے لیے بھی خطرہ بن سکتا تھا۔

ایف آئی اے نے گرفتار تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر شناختی دستاویزات کے حصول اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

Comments are closed.