ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا اسلام آباد پولیس میں کرپٹ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن، 5 اہلکاروں کو برخاست کردیا

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا اسلام آباد پولیس میں کرپٹ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن، 5 اہلکاروں کو برخاست کردیا

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اسلام آباد پولیس میں موجود کرپٹ پولیس مافیا کے خلاف ایک بڑا اور مؤثر ایکشن لیتے ہوئے پانچ اہلکاروں کو سرکاری نوکریوں سے برخاست کر دیا ہے۔ یہ اقدام محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف ایس ایس پی کی خود احتسابی پالیسی کے تحت اٹھایا گیا۔ برخاست ہونے والے اہلکاروں میں کنسٹیبل اسد علی (7115/AVLU) کنسٹیبل صدام (6669 تھانہ نون)، کنسٹیبل سلیم (7615 تھانہ نون)، ماریہ جمیل (5629 تھانہ ویمن)، اور دانیال (3614 تھانہ منڈی) شامل ہیں۔

ایس ایس پی قاضی علی رضا نے ان اہلکاروں کو غفلت، لاپروائی، عوامی شکایات اور یونیفارم کا غلط استعمال کرنے پر نوکری سے برخاست کیا۔ ان اہلکاروں کی یہ کارروائیاں عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا رہی تھیں، جس پر ایس ایس پی نے فوری ایکشن لیا۔

ایس ایس پی قاضی علی رضا نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے اور محکمے کی بہترین ریپوٹیشن کو داغ دار کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، “اسلام آباد پولیس کا کردار عوام کی خدمت اور تحفظ ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ محکمے میں کرپشن اور بدعنوانی کا کوئی گزر نہ ہو۔”

ایس ایس پی قاضی علی رضا کے اس بروقت اور سخت فیصلے کو شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ قدم پولیس کی مخلص اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ محکمے میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے اس ایکشن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.