نوکنڈی اور پنجگور میں ایف سی پر حملے ناکام ،متعدد دہشتگرد ہلاک

نوکنڈی اور پنجگور میں ایف سی پر حملے ناکام ،متعدد دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

سیکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات نوشکی کے علاقے نوکنڈی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے مسلح حملے کو ناکام بنا دیا اور تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

 ایف سی جنوبی کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے نوکنڈی ٹاؤن میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا۔

ترجمان نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، اور دھماکے کے فوراً بعد کم از کم 6 مسلح دہشت گرد کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف سی قلعے میں داخل ہونے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق قلعے کے اندر سے شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم ایف سی ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنا دیا، ترجمان نے بتایا کہ قلعے کے اندر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔

دوسری جانب، کچھ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

دریں اثنا دہشت گردوں نے شام کے وقت ضلع پنجگور کے علاقے گرمکان میں ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو رات گئے تک جاری رہا۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

دونوں حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کر لی ہے۔

Comments are closed.