منشیات اورمعاشیات

Alcohol drink in a glass, syringe with a dose of drugs, white pills in a transparent bag, narcotics powder in a spoon and US dollar cash on dark background. Concept of addiction and bad habits.
تحریر : محمد ناصر اقبال خان

KAONAIN ... MUHAMMAD Nasir Iqbal Khan

عہدحاضر میں زندہ رہنا  ہرگزآسان نہیں،اس کیلئے بار بار مرنااور اپنے ہاتھو ں سے اپنی ہزاروں خواہشات کومارنا پڑتا ہے۔ مختلف معاشرتی و معاشی ناہمواریوں،بیزاریوں اورشدیددشواریوں کے باوجودہماری زندگی بہت خوبصورت ہے،ہم محنت اورمحبت سے اس بیش قیمت نعمت کومزیدحسیں اور دلنشیں بناسکتے ہیں۔ زندگی کیا اہمیت رکھتی ہے یہ ان سے پوچھیں جواس وقت شہرخموشاں میں آسودہ خاک ہیں۔زندگی کیلئے کئی باربے رحم موت سے بھی بھڑنا اوراس کے منہ سے واپس مڑنا پڑتا ہے۔جان ہے توجہان ہے، یہ محاورہ فراموش نہیں کیاجاسکتا۔راقم نے اپنے”بچپن“سے ”پچپن“ تک کوئی بندگلی نہیں دیکھی جہاں سے انسان کا باہر نکلنا ناممکنات میں سے ہو۔ہمارا زندگی میں کئی طرح کے”چیلنجز“ اور”چیلنجرز“(Challengers Challenges &) سے واسطہ پڑتا ہے، ہم ان سے سیکھتے،خودکوسینچتے اور سنبھلتے ہوئے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ہماری زندگی سے کئی زندگیاں وابستہ ہوتی ہیں، ہمارے قلب کے ساتھ ماں باپ کادل بھی دھڑکتا ہے۔اپنی بیش قیمت حیات اوراپنے پیاروں کے ساتھ بھرپورپیارکریں۔ہم بندوں کی زندگیاں معبود برحق کی امانت ہیں،اس کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔ ہم میں سے کوئی بھی اپنی یاکسی دوسرے کی زندگی نہیں چھین سکتا،منشیات کے استعمال سے اپنے ہاتھوں اپنی زندگی بربادکرنا بھی گناہ شمار ہوتا ہے۔
موت کادوسرانام منشیات ہے،مجھے ان افراد پرتعجب ہوتا ہے جومنشیات میں مصیبتوں سے راہ فرار تلاش کرتے کرتے اپنے ماں باپ سمیت عزیزواقارب کوبے سکون،رنجیدہ اورشرمندہ کردیتے ہیں۔یادرکھیں کسی ناکامی،بدنامی،محرومی یامایوسی کی صورت میں منشیات کا”استعمال“ اپنے ہاتھوں اپنا”استحصال“کرنا ہے۔شراب سمیت منشیات کی ہرصورت انسانیت کیلئے ایک میٹھا زہر ہے۔اسلامی تعلیمات کی روسے منشیات کااستعمال مضرصحت بلکہ شجرممنوعہ ہے، منشیات سے”بیزاری“ کیلئے نوجوانوں میں ”بیداری“ اشدضروری ہے۔نصاب تعلیم اورمیڈیاکی وساطت سے طلبہ وطالبات سمیت نوجوان طبقات کو منشیات بارے اسلامی احکامات اوراستعمال کی صورت میں اس کے مضمرات اورنقصانات سے آگاہ کیاجائے۔ماں باپ، علماء،اساتذہ، مصنف اورمنصف معاشرت کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے نوجوانوں کواس کی نحوست اورقباحت سے آگاہ کریں۔ڈراموں اورفلموں میں منشیات کے استعمال کاکوئی منظرایڈ نہ کیاجائے۔ریاست عوامی مقامات پرتمباکو”نوشی“ پر”خاموشی“ ختم اورناقابل ضمانت مقدمات درج کرے کیونکہ منشیات کے استعمال سے ”بربادی“ کا سفر تمباکونوشی کے ”عادی“ افرادسے شروع ہوتا ہے۔ اب کئی قسم کی منشیات دستیاب ہیں بلکہ ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی موجود ہے۔لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم”سیاہ فام“بھی اس مذموم کام سے وابستہ ہیں۔ منشیات کی تجارت میں جدت آنے کے بعد عام آدمی انہیں شناخت نہیں کرسکتا اوربسااوقات انجانے میں ان کا استعمال شروع کربیٹھتا ہے۔منشیات کو مخصوص ادویات کی صورت میں بھی فروخت اوراستعمال کیاجارہا ہے۔یادرکھیں آپ کاجودوست آپ کومنشیات کے استعمال کی دعوت یاترغیب دے وہ درحقیقت آپ کابدترین دشمن ہے۔منشیات کے استعمال کی کوئی بھی”شکل“یقینا ”شغل“نہیں ہوسکتی۔ اساتدہ اورڈاکٹرزعلمی اور طبی اداروں کی دیواروں پرمنشیات سے”بیزاری“ اور”بیداری“ کیلئے مختلف اثرانگیز جملے اور جامعہ”عبارت“ کنندہ جبکہ منشیات کے استعمال سے ٹیک آف کرنیوالے ”جہازوں“ کی تصاویربھی چسپاں کریں کیونکہ منشیات کی مستقل ”عادت“ سے انسان ”عبادت“ سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ تحریر وں اورتصویروں کی تحریک سے منشیات کے عادی خوابیدہ مردوزن کوجھنجوڑنا ازبس ضروری ہے۔ افسوس ماضی کے سلجھے اورصاف ستھرے لوگ بھی منشیات استعمال کرنے کے بعد مختلف مقامات پرغلاظت اورنجاست کے ڈھیر پرپڑے ملتے ہیں۔ جو عزت دار”لوگ“ اپنی ناک پرمکھی نہیں بیٹھنے دیتے تھے، وہ بھی اپنی جان بلکہ اپنی آن بان کومنشیات کا”روگ“ لگانے کے بعدقابل رحم ہوجاتے ہیں جبکہ ان کے بدبودار وجود پرمکھیاں بھنبھناتی ہیں،انہیں اس کیفیت میں ان کا کوئی”اپنا“بھی نہیں ”اپناتا“۔دُعا ہے ہمارا عزیزتودرکنار کوئی بدترین دشمن بھی منشیات کا”عادی“ اور”فسادی“ نہ بنے۔
ماں باپ اپنے بچوں کی مثالی پرورش اوران کے روشن مستقبل کیلئے انہیں ضرورت سے زیادہ آزادی ہرگز نہ دیں، ضرورت سے زیادہ”آزادی“ کے نتیجہ میں بدنصیب بچے ”بربادی“ کی تاریک راہوں پرچل پڑتے ہیں۔اگربچوں کی”لگام“ ڈھیلی ہوتووہ”بے لگام“ اورزندگی میں ناکام ہوجاتے ہیں۔والدین اپنے بیٹوں اوربیٹیوں کی بہترین تعلیم وتربیت کواپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں اوران کی ”صحت وصحبت“پرہرگز سمجھوتہ نہ کریں۔بچوں کی جائزضروریات اورناجائزخواہشات پوری کرتے ہوئے ان کی ”اِن ڈور“اور”آؤٹ ڈور“ سرگرمیوں پرگہری نظررکھیں۔ ماں باپ چوکس رہیں،وہ دیکھیں ان کے بچے کہاں اورکس طرح کے ماحول میں اٹھتے بیٹھتے ہیں۔یادرکھیں اچھوں اوربروں کی ”صحبت“ کا بچوں کی دماغی”صحت“اور”سمت“پر براہ راست اثرہوتا ہے، وہ دوسروں سے بہت کچھ سیکھتے اور متاثر ہوتے ہیں۔ہمارے بچوں پر”اچھوں“ کے قرب کا مثبت جبکہ”بروں“ کی بیٹھک کا منفی اثر پڑتا ہے۔بدقسمتی سے ہمارے طبی اورتعلیمی ادارے بھی منشیات فروش مافیا کی دسترس سے باہر نہیں رہے،اب اس قسم کی منشیات بھی دستیاب ہیں جس کوہرکوئی شناخت نہیں کرسکتا لہٰذاء بچوں کے بچاؤ کیلئے ماں باپ کی مسلسل ’’بیداری“ اور”پہریداری“ ناگزیر ہے۔ہماری معاشرت کومنشیات کے زہراورقہرسے بچانے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت وفاقی اورصوبائی محکمے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنا اپناکام کررہے ہیں لیکن ماں باپ سمیت شہریوں کوبھی شرپسندوں کی سرکوبی کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکرناہوگا۔جس کسی کاکوئی عزیزیا دوست منشیات کاعادی ہے وہ حق دوستی اداکرتے ہوئے اس کی ہر قابل نفرت عادت چھڑائے۔”منشیات“ مافیا اپنی”معاشیات“ کیلئے ہمارے مستقبل کے معمارنو جوانوں اور خاندانوں کو اجاڑر ہے ہیں لہٰذاء منشیات کیخلاف ”جہاد“ کیلئے کسی”اجتہاد“ کی ضرورت نہیں، قانون کی حاکمیت کے حامی شہری منشیات فروشوں کے بارے میں مستندمعلومات اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے ساتھ شیئرکریں،حکام یقینا ان کانام صیغہ رازمیں رکھیں گے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس ڈائریکٹوریٹ کے فرض شناس ریجنل کمانڈر بریگیڈئیر سکندرحیات چوہدری کاویژن اورمشن صوبہ پنجاب سے ہرقسم کی منشیات کا پوری طرح صفایاکرناجبکہ اس کے عادی فرزندان پاکستان کو بحالی مراکز کی مدد سے معاشرے کامفید،مستعداورصحتمندشہری بنانا ہے۔وہ مسلسل،منظم اورموثر کاروائیوں سے منشیات فروشوں پرکاری ضرب لگارہے ہیں۔منشیات کی تیاری اورتجارت میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف اینٹی نارکوٹکس فورس ڈائریکٹوریٹ کے ریجنل کمانڈر بریگیڈئیر سکندرحیات چوہدری کی قیادت میں زبردست کریک ڈاؤن جاری ہے۔پرجوش اور سرفروش بریگیڈ ئیر سکندر حیات چوہدری نے پچھلے دنوں لاہورکی پوش آبادی سے ایک بدنام زمانہ بااثر منشیات فروش خاتون کو مختلف نشہ آور مصنوعات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیااوراس کی رہائی کیلئے ہرقسم کے دباؤاورسفارش کومسترد کردیا۔جومنشیات فروش ایک بار ان کی گرفت میں آجائے وہ اپنے اثرورسوخ کے باوجود پس زندان ضرورجاتا ہے۔منشیات فروشوں سے بھاری مقدارمیں نشہ آور مصنوعات برآمدہونے اورسوشل میڈیا پران کی ”رسوائی“ کے باوجود انہیں ضمانت پر”رہائی“ ملنا ایک بڑاسانحہ اورسوالیہ نشان ہے۔منشیات فروشوں کی بروقت اورسخت سزاؤں کے سلسلہ میں دوررس اصلاحات ناگزیر ہیں۔ریجنل کمانڈر بریگیڈئیر سکندرحیات چوہدری نے اینٹی نارکوٹکس فورس کومزید منظم اورمتحرک کردیا ہے، بریگیڈئیر سکندرحیات ایک طرف مختلف سرکاری ونجی یونیورسٹیز اوردوسرے اداروں میں سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کی لعنت سے بچاؤ کیلئے نوجوانوں میں شعور پیداکررہے ہیں،دوسری طرف مستنداطلاعات پران کی قیادت میں مختلف مقامات سے منشیات فروش افراد کوگرفت میں لیاجارہا ہے۔ بریگیڈئیر سکندرحیات کی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے حکام ماہانہ بنیادوں پربڑی مقدارمیں منشیات نذرآتش کرتے اوریوں وہ اس زہرسے کئی قیمتی زندگیاں بچاتے ہیں۔
راقم کوملی معلومات کی روسے عنقریب منشیات فروش مافیا کامحاصرہ اورمحاسبہ کرنے کیلئے صوبائی سطح پر بڑی تعداد میں رضاکاروں اور پیشہ ورمخبروں کو جدید اورخفیہ سازوسامان کے ساتھ میدان میں اتاراجا رہا ہے۔جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے منشیات کے عادی افراد کی مدد سے منشیات فروشوں تک پہنچااورانہیں منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔اب منشیات فروشوں کیخلاف ناقابل تردیدشواہد کے ساتھ انہیں گرفت میں لیاجائے گا۔اب اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیمی اداروں سمیت مختلف مقامات میں منشیات کاسراغ لگاسکیں گے۔تعلیمی اداروں کے آس پاس فروخت ہونیوالی مختلف اشیاء کے ٹیسٹ کیلئے سیمپل لیا جبکہ دکانداروں سمیت ریڑھی بانوں اورخوانچہ فروشوں کورجسٹرڈکیا جائے گا۔ طبی ماہرین کی مشاورت سے تعلیمی اداروں میں ہرچندماہ بعد ”وی ڈی آرایل“ ٹیسٹ کااہتمام کیا اورجو طالبعلم منشیات استعمال کرتاپایا گیا اسے مقررہ معیاد کیلئے بحالی مرکز میں منتقل کیاجائے گا۔ماں جیسی ریاست منشیات کے عادی افرادکوبھی سینے سے لگائے اوران کی زندگی بچائے گی۔ ان کی صحت وتندرستی یقینی بنانے کیلئے مختلف شہروں میں ضرور ت کے تحت جدت سے بھرپور بحالی مراکز تعمیر ہوں گے،جہاں سے کامیاب ٹریٹمنٹ کے بعد فارغ ہونیوالے افراد کوماہانہ بنیادوں پرٹیسٹ کاپابند کیاجائے گا اورجودوبارہ منشیات استعمال کریں گے انہیں دوبارہ بحالی مراکزمیں منتقل کردیاجائے گا۔ریاست منشیات سے نجات کیلئے ہرراست اقدام کرے گی۔

Comments are closed.