آئیسکو مارکیٹوں میں بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (عثمان مانگٹ ) مارکیٹوں میں بجلی کی کھلی اور لٹکتی ہوئی تاریں ہر وقت دکانداروں کیلئے خطرے کا باعث ہوتی ہیں جبکہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کے نتیجے میں پلازہ مالکان کے ساتھ ساتھ دکانداروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو جاتا ہے۔ بلیو ایریا میں 5ہزار تاجر کاروبار کر رہے ہیں لیکن اسلام آباد کے اس سب سے بڑے تجارتی مرکز میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے 6سے 7دفعہ آگ لگ چکی ہے جس سے کاروباری طبقے کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ آئیسکو تمام مارکیٹوں میں تاروں کے نظام کو بہتر کرنے کے علاوہ اپنے انفراسٹریکچر کو جدید خطوط پر ترقی دے تا کہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے اور لٹکتی تاروں کے خطرات کا ازالہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئیسکو کے ایف سکس ڈویژن کے ایکسیئن عبدالرشید سرکی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیمبر کا درہ کیا اور تاجر برادری کے بجلی سے متعلقہ مسائل سنے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ جب کسی مارکیٹ میں کوئی ٹرانسفارمر جل جاتا ہے تو اس کا کوئی متبادل نہیں ہوتا اور جلے ہوئے ٹرانسفارمرکی مر مت میں بھی کئی دن لگ جاتے ہیں اور اس دوران بجلی بند رہتی ہے جبکہ کولڈ سٹوریچ میں پڑی چیزیں خراب ہو جاتی ہے جس سے تاجر برادری کا نقصان ہوتا ہے لہذا آئیسکو اس مسئلے کا کوئی بہتر حل نکالے تاکہ تاجروں کو بجلی کی بندش سے ہونے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل ٹرانسفارمرز کی مرمت کے چارجز بہت زیادہ ہیں لہذا ان پر نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ، ایف سیون مرکز جناح سپر اور بلیو ایریا سے کمیٹی ممبرز نامزد کر کے ان کو بھیجے گا لہذا اپنے متعلقہ علاقوں کے تاجروں کے بجلی مسائل کو حل کرنے میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے تاجر برادری کو درپیش ایم ڈی آئی میٹرز اور نیٹ میٹرنگ کے مسائل اجاگر کئے اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض ٹرانسفارمرز کی کیبنٹ کے دروازے کھلے رہتے ہیں جو شارٹ سرکٹ کا باعث بنتے ہیں لہذا آئیسکو اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی وولٹیج اوپر نیچے ہونے سے بھی دکانداروں کے ڈیپ فریزرز اور فریچ سمیت دیگر آلات جل جاتے ہیں لہذا آئیسکو اس مسئلے کا بہتر حل نکالے۔
آئیسکو کے ایف سکس ڈویژن کے ایکسیئن عبدالرشید سرکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص انسپکشن کے حوالے سے کسی مارکیٹ یا دکان کا دورہ کرے تو اس کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جائے کیونکہ آئیسکو نے کسی کو بھی یہ ذمہ داری نہیں سونپی۔ انہوں نے مارکیٹوں کے بجلی مسائل کے بہتر حل کیلئے چیمبر کی طرف سے کمیٹیوں کی نامزدگی کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسائل کے جلد حل کیلئے کمیٹی ممبران کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ گذشتہ سال پاکستان کا کل ریونیو 7500ارب روپے تھا جبکہ بجلی شعبے کا کل ریونیو 12000ارب روپے تھا لیکن پھر بھی کئی بجلی کمپنیاں خسارے میں چل رہی ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو تاجر برادری سمیت اپنے صارفین کے بجلی مسائل کو ترحیجی بنیادوں پر حل کرے جس سے صارفین کی مشکلات کم ہوں گی اور آئیسکو کا ریونیو بھی مزید بہتر ہو گا۔
ایف سیون جناح سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر اسد عزیز، بلیو ایریا کی مارکیٹ ایسوی ایشن کے سابق صدر یوسف راجپوت، ایف سکس سپر مارکیٹ سے شیخ عبدالوحید، خالد چوہدری، فصیح اللہ خان اور ناصر چوہدری سمیت دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان نے بھی اپنی اپنی مارکیٹوں کے بجلی سے متعلقہ مسائل اجاگر کئے اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔

Comments are closed.