عمومی مشاہدے میں آیا ہے کہ بیوروکریسی کو جب بھی اپنے ماتحتی اضلاع میں کام کرنے کا موقع ملا انہوں نے اپنے تئیں اس علاقہ کی تعمیرو ترقی اور بہتری میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ان انتظامی افسران نے ایک مخصوص مدت تک ایک علاقہ میں رہنا ہوتا ہے اس لئے ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں وہاں اپنی خوشگوار یادیں چھوڑ کر جائیں۔ شہروں کی خوبصورتی میں ضلعی انتظامیہ کا اہم رول رہا ہے تاہم اس کے مقابلے میں سیاسی قائدین مخصوص گروہوں اور اپنے ووٹر سپورٹر کو خوش کرنے کے لئے انفرادی کاموں کو ترجیح دیتے ہیں۔
اس ضمن میں ضلع اٹک میں تعینات اکثریت ڈپٹی کمشنرز نے شہر اور تحصیلوں کی تعمیرو ترقی اور خوبصورتی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا چنانچہ ان کی یادگاریں آج بھی ان کی موجودگی کا احساس دلاتی ہیں۔ اس ضمن میں سابقہ ڈپٹی کمشنر اٹک جناب علی عنان قمر کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں جنہوں نے اپنے دور میں جی ٹی روڈ سے تین میلہ چوک تک سول سوسائٹی کی مدد سے سٹریٹ لائٹس لگوائیں، شہر کے پارکوں کو دلکش بنایا اور سب سے بڑا کام انہوں نے جی ٹی روڈ پر ’بابِ اٹک‘ کی بنیاد رکھی مگر بدقسمتی سے یہ منصوبہ ان کی ٹرانسفر کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا لیکن موجودہ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے حکومتی فنڈز نہ ہونے کے باوجود مخیر حضرات کے تعاون سے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا اب جب تک یہ گیٹ موجود رہے گا اٹک میں ان کا نام زندہ رہے گا۔
انہیں تعلیمی اداروں میں اصلاحات کا کریڈٹ بھی دیا جانا چاہئے انہوں نے اپنے ماتحت سرکاری سکولوں اور کالجز میں آئی ٹی لیبز کا اجراء کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ڈی سی اٹک راؤ عاطف رضا کی سوچ کا محور علاقے کی تعلیمی ترقی ہے ان کے مطابق جس علاقے میں تعلیمی ترقی ممکن ہو گی وہ علاقہ زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کرے گا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کے اجلا س منعقد کیے اور ان اجلاسوں میں ضلع میں تعلیمی انقلاب کے لیے اپنا وژ ن پیش کیااور اپنا اولین مقصد اٹک کے تمام سکولوں میں آئی ٹی کی تعلیم کا فروغ قرار دیا۔
انہوں نے ضلع بھر کے سکولوں کا دورہ کیا اور وہاں پر آئی ٹی لیبز کا خصوصی معائنہ کیا اور ان سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سکولوں میں آئی ٹی لیبز کو مکمل طور پر فعال کریں،اسے دیں اور ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے متعلقہ سکول اور اس علاقے کی اکثریت اس سے مستفید ہو سکے جبکہ آئی ٹی کی تعلیم فنی بنیادوں پر ہو چنانچہ اس وقت ضلع اٹک میں پچاس آئی ٹی لیبز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے تعلیم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ضلع اٹک کے تعلیمی اداروں کے ہونہارطلباء و طالبات کو معاشی خودکفالت فراہم کرنے کے لیے ” لرن اینڈارن ” پروگرام کا آغاز کیا ہے انہوں نے محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران،کامسیٹس یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے ان اجلاسوں میں انہوں نے اپنا خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک کے ہونہار طلبا و طالبات معاشی لحاظ سے خود کفیل ہوں،اس لیے اس ضلع کے تعلیمی اداروں کے ہونہار طلباء وطالبات کو سکل بیسڈ آئی ٹی کے ایسے کورسز کی تعلیم دی جائے جن کے ذریعے وہ معاشی لحاظ سے مستحکم ہوں اور ان کے والدین معاشی بوجھ سے محفوظ رہ سکیں۔ اس ضمن میں راؤ عاطف رضا نے محکمہ تعلیم و دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں موثر اور جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
فری لانسنگ کے ان کورسز کو لرن اینڈ ارن کا نام دیا گیا کہ پہلے طلبا وطالبات اس کو سیکھیں اور بھر اس ہنر کے ذریعے معاشی خود کفالت حاصل کر سکیں۔
اس سلسلے میں اولین مراحل میں آئی ٹی اساتذہ کوبطور ماسٹر ٹرینر کورسزکروائے گئے جو کامسیٹس یونیورسٹی اٹک میں منعقد ہو ئے اور بعد ازاں ان ماسٹر ٹرینرسے مختلف تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبا و طالبات کو گرافک ڈیزائنگ،ای کامرس،ڈیجیٹل مارکٹنگ اور فری لانسنگ سے متعلق دیگر کورسز کی تعلیم دی جائے گی۔
حال ہی میں امریکہ کے کونسل جنرل ولیم مکانیول نے اٹک کا دورہ کیا اور ڈی سی اٹک راؤ عاطف رضا کی جانب سے تعلیمی میدان میں کیے گئے اس انقلابی عمل کو بے حد سراہا۔ ای روزگار کے اس پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک عدنان انجم راجہ،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء، کامسیٹس یونیورسٹی کے اساتذہ، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اہم کردار ادا کیا۔
پیشہ وارانہ وفنی بنیادوں پر تعلیم کے فروغ کے لئے ڈی سی اٹک نے محکمہ تعلیم اٹک کو ہدایت کی اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کرتے ہوئے طلبا و طالبات کے ہنر کو جانچتے ہوئے ان کی جبلتی ہنر کی بنیادپر تعلیم مہیاکرنے کا آغاز کیا۔ انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے کیے اور اس ضمن میں طلباو طالبات سے گفتگو کی۔ راؤ عاطف رضا نے سی ای او ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکل بیسڈ ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
ڈسٹرکٹ پبلک سکول کا قیام اٹک میں سنگ میل ثابت ہو گا اور اس کا سہرا بھی راؤ عاطف رضا کے سر ہے۔ یہ سکول اس وقت پنجاب کے متعد د اضلا ع میں کامیابی سے ان علاقوں کے طلباء وطالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہا ہے، اٹک میں اس سکول آغاز عارضی طورپرپائلٹ سکینڈری سکول کی عمارت میں کیا گیا ہے اور اس کی مستقل عمارت تین میلہ کے مقام پر تقریبا21 کنال رقبے پر قائم کی جارہی ہے جو آئندہ چند ماہ میں مکمل ہو جائے گی۔ یہ عمارت خالصتاٌ سول سوسائٹی کے تعاون سے تعمیر کی جارہی ہے جس پر حکومت پنجاب کا کوئی فنڈ استعمال نہیں ہوا ہے۔ سکول کے قیام سے مناسب فیس میں اعلیٰ اور پیشہ وارانہ تعلیم کا حصول ممکن گا جبکہ سکول کے انتظامی معاملات کی نگرانی بورڈ آف گورنرز کے سپردہے، یاد رہے اس وقت ڈی پی ایس میں 150کے قریب طلباو طالبات زیر تعلیم ہیں۔
گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا حسن ابدال میں چار سکولوں میں آئی ٹی لیبز کا افتتاح کرنے آئے جسے یہاں کی انتہائی متحرک اور فعال خاتون اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند نے مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے ممکن بنایا اور جس میں ہمارے کاروباری دوست ملک نثار حسین اعوان آف بجاڑ نے دو سرکاری سکولوں کے لئے آئی ٹی لیبز کے لئے کمپیوٹر اور دیگر سامان فراہم کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈی ای اوز امجد حسین ملک اور مس صائمہ ارم نے اپنے سکولوں میں ڈی سی اٹک کی آمد پر شاندار انتظامات کر رکھے تھے جس پر ڈی سی راؤ عاطف رضا اور سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس نے خوشی کا اظہار کیا۔ ڈی سی اٹک افتتاحی تقریب میں ایک نئی روایت قائم کرتے ہوئے جن جن سکولوں میں افتتاح کے لئے گئے انہوں نے اسی سکول کے بچوں سے ان کے سکول کی آئی ٹی لیبز کا افتتاح کرایا اور مستقبل کے ان معماروں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنائے یوں ان کا طلبا کے ساتھ محبت و شفقت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے ضلع میں تعلیمی اصلاحات چاہتے ہیں ان کی متحرک ٹیم میں اے ڈی سی جی راجہ عدنان انجم اور اے ڈی سی آر وقاص مارتھ محنتی و قابل افسران مانے جاتے ہیں جو اٹک میں ان کے زیر نگرانی فلاحی منصوبوں میں ان کے ممدو معاون ہیں۔
بلاتامل، شاہد اعوان
Comments are closed.