ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے، نوازشریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے،شہباز شریف

لاہور ( زورآور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے، نوازشریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے لاہور اور پنجاب ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں نے ملاقات کی، جہاں ملکی مجموعی صورتحال اور معیشت کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے کیوں کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران تاجروں نے درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا، تاجروں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر تاجروں نے مسلم لیگ ن کے صدر کی میثاق معیشت کی تجویز کی بھرپور تائید اور حمایت کی۔تاجروں نے کہا کہ 2018ء سے 2022ء کے چار سال بڑے صبر آزما تھے، معاشی ظلم کا شکار ہوئے، پاکستان کے مسائل کا حل اب صرف نواز شریف کے پاس ہے، پاکستان کی معیشت کو اب صرف وہ ہی ٹھیک کر سکتے ہیں، اس لیے تاجر برادری دل و جان سے نواز شریف کا استقبال کرے گی، تاجروں کے ساتھ نواز شریف کا دل کا رشتہ ہے، قائد ن لیگ نے تاجروں کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، تاجر کبھی بھی آپ کا اور بڑے میاں کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے۔گزشتہ روز صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 2013 میں منتخب ہوئے تو 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، سابق وزیراعظم نے 4 سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا، ن لیگ کے سابق دور میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، نواز شریف نے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دیا، قائد مسلم لیگ نے امریکی صدر کی 5 کالز کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے اور کہا 5 ارب ڈالر کیلئے اپنے ملک کا سودا نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی،نواز شریف وطن واپس آ کر ملک میں ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے، نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کو خوشحال کرنے آ رہا ہے، وہ پاکستان کو بھارت سے آگے لے جانے کیلئے واپس آ رہے ہیں، جن کرداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم اور نا انصافی کی ان کے بارے میں قوم کو سب پتہ ہے، نواز شریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا بلکہ ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا۔

 

Comments are closed.