نواز شریف کی لندن میں سفیر سے ملاقات،دفترخارجہ کا جواب دینے سے گریز

اسلام آباد (زورآور نیوز) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے ائیرپورٹ پر ملاقات پر ترجمان دفتر خارجہ سے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سائفر کے حوالے سے سوال پر تبصرہ کرنے سے بھی گریز کیا اور کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا تعلق قومی سلامتی سے ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے برطانیہ میں نوازشریف اور ہائی کمشنر کی ملاقات پر بھی ردِعمل نہیں دیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف گذشتہ روز لندن سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے ۔نواز شریف کی ہیتھرو ایئرپورٹ سے سعودی عرب کیلئے روانگی کے موقع پر مسلم لیگ (ن )کے کارکن اپنے قائد کو الوداع کہنے ایون فیلڈ پہنچے۔سابق وزیراعظم نواز شریف عمرے کی ادائیگی کے لیے لندن سے سعودی عرب روانہ ہوئے ۔ سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران نواز شریف کی اعلیٰ حکام سے متعدد ملاقاتیں طے ہیں۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے نواز شریف 17 یا 18 اکتوبر کو دبئی پہنچیں گے اور وہاں 3 دن قیام کے بعد 21 اکتوبر کو لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کی دبئی میں بھی متعدد ملاقاتیں طے ہیں۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے پاکستان آنے کے لیے دبئی سے اسپیشل طیارہ بٴْک کروا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف جس خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچیں گے اسے امید پاکستان کا نام دیا جائے گا۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان جانے کے لیے دبئی سے لیگی کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔یہ خصوصی پرواز دبئی سے اسلام آباد پہنچ کر آدھے گھنٹے بعد لاہور کے لیے اڑان بھرے گی۔نواز شریف لاہور پہنچ کر مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

 

Comments are closed.