شہباز نے معاف کر دیا،مقدمہ خارج

 

لاہور(زورآور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمہ درج کرانے کی تردید کردی، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شہبازشریف نے مقدمے کی اطلاع ملنے پر ایف آئی آر ختم کرا دی ہے۔ سابق وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے ایکس پر شہبازشریف کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمہ درج کرانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کی اطلاع ملتے ہی شہباز شریف نے سی سی پی او سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور گاڑی روکنے والے افراد پر ایف آئی آر ختم کرائی، شہباز شریف کے واضح کرنے کے بعد ایف آئی آر خارج کر دی گئی تھی۔دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے ایکس پر جاری ردعمل میں پنجاب پولیس کی جانب سے شہباز شریف کی گاڑی کو روک کر احتجاج کرنے پر شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے والے شہریوں پر مقدمہ کا اندراج شہباز شریف کے خوف اور بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہباز شریف کے چند روز پہلے کے بیان کے مطابق یہ لوگ انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کرنا چاہتے تھے، مسلم لیگ ن عوامی طیش سے بچنے کیلئے لوگوں کو اپنے مسائل بیان کرنے پر بھی مقدمات میں نامزد کرنے پر اتر آئی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف کے حلقے کے عوام کا ان کے خلاف احتجاج شریف خاندان کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، شہباز شریف کی نااہل حکومت نے گزشتہ پندرہ مہینوں میں قوم کو جس کرب اور تکلیف سے دو چار کیا اس کے نتائج اب عوامی ردعمل کی صورت بھگتنا ہوں گے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف یہ حقیقت تسلیم کرنے سے کترا رہے ہیں کہ پنجاب سمیت پورے ملک کے عوام س مجرم خاندان کو مسترد کر چکے ہیں، قومی وسائل لوٹنے کیلئے ایک بار پھر ملک پر مسلط ہونے کے خواب دیکھنے والوں کا یہ قوم ملک کے ہر کونے میں اسی طرز پر استقبال کرے گی۔

 

Comments are closed.