عدالت کا 26اکتوبر تک شیخ رشید احمد کو بازیاب کرانے کا حکم

راولپنڈی (زورآور نیوز) عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو 26 اکتوبر تک بازیاب کروانے کا حکم دے دیا۔ معلومات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لاپتہ کیس کی سماعت ہوئی، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے کیس پر سماعت کی، جہاں پولیس کی جانب سے آر پی او عدالت میں پیش ہوئے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی بازیابی کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی، اس حوالے سے اپنے موقف میں انہوں نے کہا کہ سی پی او، ایس ایس پی آپریشن اور پولیس افسران شیخ رشید گرفتاری میں ملوث نہیں، کوشش کر رہے ہیں مہلت دیں بازیاب کرا لیں گے۔اس پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے پولیس کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کو 26 اکتوبر تک بازیاب کروانے کا حکم دے دیا اور کہا کہ آئندہ تاریخ تک سابق وزیر داخلہ کو بازیاب کروایا جائے۔یاد رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا، شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے سول کپڑوں میں ملبوس لوگ گرفتار کرکے لے گئے۔بعد ازاں راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید کو گرفتار کرنے کی خبروں کی تردید کر دی تھی، ایک بیان میں راولپنڈی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار نہ کیا ہے اور نہ ہی وہ راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہیں، ہماری طرف سے گرفتاری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی راولپنڈی پولیس تردید کرتی ہے۔

 

Comments are closed.