پشاور (زورآور نیوز) صوبہ خیبر پختونخوا میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے سڑکوں پر تصاویر آویزاں کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پولیس نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری میں عوام سے تعاون کرنے کی بھی درخواست کردی۔معلومات کے مطابق پشاور پولیس نے جرائم پیشہ روپوش ملزمان کے تصاویر والے بینرز اہم شاہراہوں، متعلقہ تھانوں اور چوکیوں پر آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے شہر میں ڈکیتی، راہزنی اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ایک ہزار سے زائد روپوش ملزمان کی تصاویر جاری کر دی گئیں۔پولیس نے کہا ہے کہ بینرز پر ملزمان کی تصاویر کے ساتھ ان کے نام اور پتے بھی درج کیے جائیں گے، عوام کو مطلوب ملزمان سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھنے کی ہدایت کی جائے گی، ملزمان کے ساتھ تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ادھر بلوچستان کی صوبائی حکومت نے تیل اسمگلروں کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ تیل اسمگل کرنے والوں کو 10 دن کی مہلت دی جائے گی، 10 دن بعد اسمگلروں کی کشتیوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جائے گا، صوبہ سندھ اور پنجاب کے بارڈرز پر بھی سکیورٹی سخت کی جائے گی، کوسٹل ہائی وے سے کراچی کو سپلائی بند کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، دہشت گردوں کوچھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، بلوچستان کوکرپشن سے پاک صوبہ بنائیں گے، کرپشن دہشت گردی سے بھی خطرناک ہے، کرپشن کا خاتمہ نہ کیا تو بہت زیادہ نقصان ہوگا، سرکاری زمین بیچنے والوں کے کیسزنیب کے حوالے کیے جائیں گے، اسی طرح بجلی چوری کیخلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے، کریک ڈاؤن سے بجلی چوری میں کمی ہوئی ہے۔
جان اچکزئی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، دستاویز رکھنے والے افراد کو تنگ نہیں کیا جائے گا، 84 مدارس میں 8 ہزار 500 طلباء ہیں جن کا انتظام افغان شہری کرتے ہیں، ان مدارس کا کنٹرول پاکستان شہریوں کے حوالے کیا جائے گا۔ نگران وزیراطلاعات بلوچستان نے کہا کہ بد امنی کے تمام واقعات میں بھارت ملوث ہے، بیرونی عناصر کی مدد کے بغیر نان اسٹیٹ ایکٹرز کچھ نہیں کرسکتے، وزیراعظم نے کہا ہے نان اسٹیٹ ایکٹرز کا قیامت تک مقابلہ کرتے رہیں گے، انتشار کا سامنا ہو تو تمام پراسیجرز معطل ہوجاتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بلوچستان حکومت اقدامات کرے گی۔
Comments are closed.