گلگت اور سکردو میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال ہوگئیں

اسلام آباد ( زورآور نیوز ) گلگت اور سکردو میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال ہوگئیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 601 اور 605 مقرر وقت پر گلگت روانہ ہوں گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سکردو کی پرواز پی کے 451 اور پی کے 452 کے ساتھ ساتھ گلگت سے اسلام آباد کی 2 پروازیں پی کے 602 اور پی کے 606 بھی اپنے مقررہ وقت پر آپریٹ ہوں گی۔بتایا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کے مالی بحران کے باعث کئی روز سے پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں ملکی و غیرملکی سیاح سکردو اور گلگت میں پھنس گئے، بیرون ملک سے آئے ہوئے غیرملکی سیاحوں کی انٹرنیشنل پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، گلگت اور سکردو میں پھنسے مسافروں کو واپس اسلام آباد لایا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ قومی ائیر لائن پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان معاملات طے پاچکے ہیں، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہان ہے کہ پی ایس او اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہونے کے بعد چند روز میں ایندھن کی فراہمی بڑھ جائے گی اور جس کے ساتھ ہی پروازوں کا شیڈول معمول پر آنا شروع ہو جائے گا۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان پی ایس او نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے شیڈول کے مطابق طیاروں کو ایندھن فراہم کیا جائے گا، پی ایس او نے پی آئی اے کی قرض کی سہولت 50 کروڑ روپے کردی ہے۔ دوسری طرف اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کیلئے 8 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے لیے 8 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے، یہ رقم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے دی جائے گی، اجلاس میں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ساتھ دو طرفہ معاہدے پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔بتایا جارہا ہے کہ نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی اجلاس میں پی آئی اے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 8 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی، تاہم پی آئی اے کو منظوری کی رقم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے فراہم کی جائے گی، اس فنڈز سے پی آئی اے اپنے ضروری اخراجات پورے کرسکے گا۔

 

Comments are closed.