اسلام آباد (زورآور نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کے انخلاء کی ڈیڈلائن آگے نہیں بڑھے گی بلکہ یکم نومبر کے بعد جامع آپریشن ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی پاکستان سے رضاکارانہ واپسی کے لیے آج اور کل کی مہلت باقی ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنےکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جو آگے نہیں بڑھائی جائے گی اور یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طورپر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لئے جامع آپریشن ہوگا، تمام غیر ملکیوں کے انخلا میں دو سے تین ماہ لگیں گے، 15 سے 20 ہزار غیر ملکی پناہ گزین رضاکارانہ طور پر پاکستان سے جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے آواران میں مسلح افواج کے 2 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، مسلح افواج کی جرات اور بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے جوانواں نے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے۔خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 2 جوان شہید اور 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ کے دوران 2 جوان شہید ہوئے اس دوران 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کے موجود ہونے کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا تو سکیورٹی فورسز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اس دوران 2 دہشت گرد مارے گئے اور 2 زخمی ہوئے، گولیاں لگنے سے 2 جوانوں نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی بہادری نے جام شہادت نوش کیا۔
Comments are closed.