لاہور ہائی کورٹ نے لال حویلی کھولنے کا حکم دے دیا

راولپنڈی(زورآور نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی لال حویلی ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی سیل ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اپنے وکلاء عبدالرازق اور سردار شہباز کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔
ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ لال حویلی فوری ڈی سیل کی جائے، عدالت نے لال حویلی کی دونوں ملکیتی رجسٹریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے فیصلے کو ریمانڈ بیک کرتے ہوئے بورڈ کو لال حویلی کیس دوبارہ سننے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے دائر درخواست کو دوبارہ سُن کر درخواست گزار کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے۔عدالت کا کہنا تھا کہ بھارت میں قانون بن گیا وہاں متروکہ پراپرٹیز کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوگیا مگر ہمارے ہاں محکمے قانون کے مطابق نہیں چلتے اور جب مرضی سرگرم ہوجاتے ہیں۔یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے لال حویلی کو سیل کرنے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔

 

Comments are closed.