لاہور (زورآور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق نے آئندہ انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور، جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین اور سابق ایم این اے و صدر ویمن ونگ مسز فرح خان کی زیر صدارت اہم اجلاس مسلم لیگ ہاوس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں خواتین کی تنظیم سازی اور ممبر شپ کیلئے اقدامات مذید تیز کرنے کا اعادہ کیا گیا اس موقع پر مختلف عہدوں کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کئے گئے۔پاکستان مسلم لیگ نے 8 فروری کے انتخابات کیلئے اپنے منشور میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتی ہے، زراعت کی بہتری اور ترقی، صحت و تعلیم کی سہولیات تمام افراد کو برابری کی سطح پر ملیں، نئے ہسپتال اور نئے تعلیمی ادارے بنائے جائیں گے، ایک سال میں مکمل ہونے والے ڈیمز کی تعمیر شروع کی جائے گی اس کے علاوہ نوجوان نسل کو بہتر مستقبل دینے کیلئے بین الاقوامی سطح کے ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر بنائے جائیں گے۔ادھر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری اظہر یوسف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے منشور میں ماحول دوست قابل تجدید توانائی کو شامل کیا جائے، معاشرے اورملک و قوم کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ مقامی مسائل کو عوامی فورم میں لایا جائے اورسیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کرآپس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کیا جائے اور اس کو ایوانوں میں پیش کیا جائے، حکومت وقت پالیسی بناتے وقت ان مسائل او ران کے حل کو سامنے رکھے۔بتایا گیا ہے کہ یہ بات انہوں نے گرو گرین نیٹ ورک اور سائیکوپ کے زیر اہتمام ایک عوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی، عوامی فورم میں سیاسی جماعتوں کے منشور میں قابل تجدید توانائی (سولر انرجی) کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری اظہر یوسف نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست ترقی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کے لیے معاوضہ اہم ہے، پاکستان کے لیے ان اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے پائیدار توانائی کی طرف منتقلی ضروری ہے۔
Comments are closed.